منگلورو4؍اکتوبر (ایس او نیوز)پچھلے کچھ دنوں سے تیز گرمی کے بعد ضلع جنوبی کینرا اور اڈپی میں بدھ کی دوپہر سے تیز برسات ہوئی جس سے موسم کچھ حد تک ٹھنڈا ہوگیا۔ البتہ کئی مقامات پربجلی گرنے سے نقصانات ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
ضلع جنوبی کینرا کے منگلورو شہر کے علاوہ بنٹوال،پتور، دھرمستھلا،وٹھلا ، سولیامیں بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔گروپور، وامنجور اور دیگر علاقوں میں بادلوں کے ساتھ بجلیوں کی کڑک کے ساتھ زبردست برست ہوئی۔جس کی وجہ سے بہت سارے مقامات پر بجلی کا کنکشن منقطع ہوگیا اور لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔بتایاجاتا ہے کہ بنٹوال تعلقہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک مکان اور اسکول کو نقصان پہنچا ہے۔
اڈپی ضلع کے مختلف مقامات پر بھی بھاری برسات ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔کارکلا، کنداپور، برہماور، ہالاڈی وغیرہ میں بھی برسات اور بجلی گرنے سے نقصانات ہونے کی بات معلوم ہوئی ہے۔اڈپی بس اسٹانڈ کے قریب بجلی گرنے سے ایک ناریل کا درخت ٹکڑے ٹکڑ ے ہوکر گرا پڑا۔ اڈپی شہر میں دوپہر سے شام تک بجلی کنکشن منقطع رہا۔